دنیا
Time 20 ستمبر ، 2017

میکسیکو میں زلزلے نے تباہی مچادی، 248 سے زائد افراد ہلاک

میکسیکو میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں جس کے نتیجے میں 248 سے زائد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

میکسیکو کی پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق ملک بھر میں زلزلے کے باعث عمارتیں منہدم ہونے سمیت دیگر واقعات میں 248افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

میکسیکو کے صدر اینرک پینا نیتو کے مطابق دارالحکومت میں اسکول کی چھت گرنے سے 20 بچے ہلاک اور 30 کے قریب لاپتہ ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق میکسیکو میں آنے والے زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز میکسیکو سٹی سے 120 کلو میٹر دور ریاست پیوبلا تھی جب کہ اس کی گہرائی 51 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد مختلف واقعات میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست مورلوس میں ہوئیں جہاں 55 افراد ہلاک ہوئے جب کہ پیوبلا ریاست میں 32، میسکیسکو سٹی میں 49، ریاست میکسیکو میں 10 اور گوریرو میں تین افراد ہلاک ہوئے۔

 میکسیکن صدر کا زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ملک کو قومی ایمرجنسی کا سامنا ہے۔

وزیر تعلیم اوریلو نونو نے اعلان کیا کہ زلزلے کے باعث متاثر ہونے والے تمام شہروں میں تاحکم ثانی پبلک اور پرائیوٹ اسکول بند رہیں گے۔

میکسیکو میں رواں ماہ کے ابتدا میں 8.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ میکسیکن شہری 1985 میں آنے والے خوفناک زلزلے کی 32ویں برسی منا رہے تھے جس میں ہزاروں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :