پاکستان
Time 20 ستمبر ، 2017

'پاکستان کا نئی افغان پالیسی پر تحفظات کا اظہار'


وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکا کے نائب صدر مائیک پنس نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے انہیں آگاہ کیا۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور امریکا کے نائب صدر مائیک پنس کے درمیان ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور جنوبی ایشیا کے لیے نئی امریکی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مائیک پنس کے سامنے خطے سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی پر تحفظات کا اظہار کیا اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے انہیں آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی بات چیت جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ 

ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو کھل کر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ 

تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا اس ملاقات سے برف پگھلی ہے، امریکا بھی بات چیت جاری رکھنا چاہتا ہے اور اکتوبر میں امریکی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترک صدر رجب طیب اردوان، ایرانی صدر حسن روحانی، سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا اور اردن کے شاہ عبداللہ سے الگ الگ ملاقاتیں کی۔ 

ترک صدر سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط تر ہو رہے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ آزادانہ تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا اور ترک صدر نے پاکستان کے ساتھ منافع بخش اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کے لئے ترکی کے عزم کی توثیق کی۔

افغانستان میں امن و استحکام کی کوششوں کے حوالے سے دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔

 روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے ترک رجب طیب اردوان اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بین الاقوامی برادری اور او آئی سی پر زور دیا کہ ان لوگوں کی مصیبتوں کو کم کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں ۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا پاکستان پرامن ہمسائیگی کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے جب کہ ایرانی صدر نے سرحدی انتظام، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

مزید خبریں :