پاکستان
Time 20 ستمبر ، 2017

عمران خان نوجوان نہیں بزرگ سیاستدان ہیں، مولا بخش چانڈیو


حیدرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کے نہیں بلکہ بزرگ سیاست دان ہیں۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے حیدرآباد کے جلسے میں عمران خان نے صرف گالیاں دیں اور کسی قومی مسئلے پر بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کوئی بھی سیاسی رہنما آئے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ’عمران خان! آپ حیدرآباد کے کس راستے سے گزرے کہ آپ کو کچرا نظر آیا۔ آپ گندگی کا احساس اپنے ساتھ ہی لائے تھے۔ ‘

ان کا کہنا تھا کہ جو شخص گھر نہیں چلا سکتا وہ ملک کیا چلائے گا۔

پی پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہم لوگوں کی توہین نہیں کرتے اور ذاتیات کی بات نہیں کرتے۔ 

گزشتہ روز حیدرآباد میں جلسہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ سندھ کا برا حال ہے، یہاں نوکریاں بکتی ہیں، اب زرادری کو بھی جیل میں ڈلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری عوام کا پیسہ چوری کرکے باہر لے گئے، بلاول نے ایک دن بھی نوکر ی نہیں کی، بھٹو کی طر ح ہاتھ ہلا کر کوئی لیڈر نہیں بن جاتا، بلاول میں کیا کمال ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بن گئے؟

چیئرمین تحریک انصاف نے حیدرآباد کے شہریوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے شیخ رشید کا ہی نہیں میرا دل بھی جیت لیا، میں نےپاکستان کےکسی خطےمیں اتناگندنہیں دیکھا۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ میں جوغربت ہے وہ پاکستان میں کہیں نہیں، بار بار سندھ آؤں گا، یہاں کے لوگوں کو کھڑا کروں گا، سندھ میں آدھے بچے اسکول نہیں جاتے، ایسےاسکول بنائیں گے عام آدمی کابچہ سرکاری اسکولوں میں پڑھ کر وزیراعظم بن سکے، لوگوں کو ظالم کے خلاف کھڑا کروں گا۔

مزید خبریں :