پاکستان
Time 20 ستمبر ، 2017

کور کمانڈر اسکواڈ پر تشدد، رکن صوبائی اسمبلی سمیت 20 افراد کیخلاف مقدمہ درج

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن صوبائی اسمبلی طارق مسعود آرائیں اور دیگر افراد کے خلاف کور کمانڈر کے اسکواڈ کے اہلکاروں پر تشدد اور ان کے ہتھیار چھیننے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق اسکواڈ کور کمانڈر کے اہلخانہ کو لیکر ڈیفنس سے گزر رہا تھا کہ نامعلوم کار سواروں نے پروٹوکول کے بیچ میں داخل ہونےکی کوشش کی۔

درخواست گزار کے مطابق اسکواڈ اہلکاروں نے کار سواروں کو روک کر شناختی کارڈ طلب کیا جو فراہم نہیں کیا گیا بعد میں کار میں سوار چار افراد میں سے ایک نے طارق نامی شخص کو فون کیا۔

فون کال کے بعد گاڑیاں آئیں جس میں 15 سے 18 مسلح افراد موجود تھے، جنہوں نے اہلکاروں کو مارا پیٹا اور دو سرکاری ایس ایم جیز بھی چھین لیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان میں طارق مسعود آرائیں، جہانگیر، منظور، اسد، مون سمیت متعدد افراد تھے، طارق مسعود کی ایما پر تشدد اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

مقدمہ کراچی کے درخشاں تھانے میں درج کیا گیا جس میں ہنگامہ آرائی، توڑپھوڑ اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایس ایس پی ساتھ جاوید اکبر ریاض کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور زخمی اہلکاروں کے ایم ایل او کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔

مزید خبریں :