لاہور قلندرز نے فاسٹ بولنگ کا ایک اور شاہکار تلاش کرلیا

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے زیر اہتمام گوجرانوالہ میں ہونیوالے جیز رائزنگ اسٹارز پروگرام کے ٹرائلز میں پاکستان کے لیے فاسٹ بولنگ کا ایک اور شاہکار دریافت ہوگیا۔

22 سالہ حارث روف ان 23 ہزار کھلاڑیوں میں شامل تھا جنہوں نے گزشتہ دو روز کے دوران گوجرانوالہ میں لاہور قلندرز کے کوچنگ پینل کے سامنے اپنے ٹیلنٹ کو پیش کیا اور سولہ منتخب کھلاڑیوں میں جگہ بھی بنائی۔

نیٹس پر حارث نے 92 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کی جو کہ ایک پاکستانی فاسٹ بولر کے لیے غیر معمولی کارنامہ تھا۔ حارث باقاعدگی کے ساتھ اس اسپیڈ سے بولنگ کراتے ہیں جس کی وجہ سے لاہور قلندرز کا کوچنگ اسٹاف کافی متاثر ہوا ہے۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نیک نیتی کے ساتھ اور میریٹ پر کام کررہی ہے یہی وجہ سے بہترین ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ حارث اور اس جیسے دیگر باصلاحیت کھلاڑیوں کو مکمل پرفارمرز میں تبدیل کرکے پاکستان کرکٹ کے لیے ایک تیار پراڈکٹ دی جائے تاکہ یہ ملک کی خدمت کرسکیں۔

دریں اثنا گوجرانوالہ میں ہونیوالے دو روزہ ٹرائیلز میں 23 ہزار کھلاڑیوں نے قلندر کا حصہ بننے کے لیے قسمت آزمائی جس میں سے قلندرز گوجرانوالہ رائزنگ اسٹارز کی ٹیم کیلئے 16 کھلاڑی منتخب ہوئے۔

 ان کھلاڑیوں میں عمران ڈوگر، محمد تبریز، علی ملک، عثمان گجر، احد رضا، حسیب، ذیشان فاروق، عاصم علی، حارث روف، مہندر پال سنگھ، محمد ذاہد، سانول پرویز، اسد اللہ، ثاقب علی، عادل شریف اور محمد احمد شامل ہیں۔

جیز رائزنگ اسٹارز کے ٹرائیلز کا اگلہ مرحلہ جمعہ اور ہفتہ کو فیصل آباد میں ہوگا۔

مزید خبریں :