پاکستان
Time 20 ستمبر ، 2017

رپورٹ کارڈ: نواز شریف کی وطن واپسی پر ماہرین کی رائے

پاکستان میں کرپشن، بدعنوانی، رشوت ستانی اور اثاثے چھپانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے والے ادارے نیشل اکاونٹیبیلیٹی بیورو (نیب) کی جانب سے میاں نواز شریف ، ان کے صاحبزادوں، صاحبزادی اور داماد کے خلاف ریفرنس دائرکرنے اور کارروائی کے اعلان کے پس منظر میں جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں تجزیہ کاروں سے ان کے رائے معلوم کی گئی۔

پروگرام میں ملک کے معروف صحافی اور تجزیہ کار امتیاز عالم، حسن نثار، حفیظ اللہ نیازی، بابر ستار، ارشاد بھٹی اور مظہر عباس شریک تھے۔

پروگرام کی ابتداء کرتے ہوئے میزبان عائشہ بخش نے پوچھا کہ کیا نا اہل وزیر اعظم پاکستان واپس آئیں گے؟

اس سوال کے جواب میں سینر تجزیہ نگار امتیاز عالم کا کہنا تھا کہ اگر وہ نہیں آئیں گے تو وہ اپنی سیاست اور پارٹی قیادت سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے جب کہ حسن نثار کے نزدیک اگروزیر اعظم واپس نہ آئیں تو بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شرف ملک کو اتنا چوس چکے ہیں اب وہ پاکستان نا آئیں تو اچھا ہو گا۔

حفیظ اللہ نیازی کا خیال ہے کہ نواز شریف مستقبل قریب میں پاکستان نہیں آئیں گے لیکن ان کی رائے میں اگر میاں صاحب 2018 میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد بھی پاکستان نہیں آتے تو بڑی بد قسمتی ہو گی۔ 

اسی سوال پر معروف قانون دان بابر ستار کا ماننا تھا کہ نواز شریف واپس آئیں گے اور انھیں آنا بھی چاہئے۔

تاہم ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ شاید وہ وقتی طور پر اپنی وطن واپسی ملتوی کر دیں مگر وہ پاکستان واپس ضرور آئیں گے۔

معروف صحافی اور تجزیہ کار مظہر عباس کے خیال میں میاں صاحب ابھی نئے نئے نظریاتی ہوئے ہیں اور وہ واپس آئیں گے۔

پروگرام میں مہمانوں سے دوسرا سوال کیا گیا کہ چوہدری نثار کی اپنی پارٹی پر مسلسل وار اور وزیراعظم سمیت دیگر اہم وزراء پر کی جانے والی کھلم کھلا تنقید کی حقیقی وجہ کیا ہے؟

اس سوال پر ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کوئی غلط بات نہیں کہہ رہے ہیں، غلط بیانیوں کی نشاندھی کرنا اچھی بات ہے لیکن شاید اس کا وقت غلط ہے۔ 

امتیازعالم کے خیال میں موجودہ حالات بتا رہے ہیں کہ مسلم لیگ نواز میں بہت گہری اور واضح دراڑ پر گئی ہے۔

حسن نثار نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ نواز کے اہم رہنما چوہدری نثار کی دیانت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

حفیظ اللہ نیازی کے نزدیک چوہدری نثار بہت ہی مخلص انسان ہیں اور ان کی کسی بیان پر رائے کا اظہار خیال کرنا غلط نہیں ۔

بابر ستار نے کہا کہ چوہدری نثار کا اپنا ایک نظریہ اور نقطہ نظر ہے جس کا احترام کرنا چاہئے۔

مزید خبریں :