کھیل
Time 21 ستمبر ، 2017

شمالی وزیرستان میں برطانوی میڈیا اور پاکستان الیون کے درمیان دوستانہ میچ


پاکستان الیون نے شمالی وزیرستان میں کھیلے گئے نمائشی میچ میں برطانوی میڈیا الیون کو 133 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان آرمی، پی سی بی اور پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے تعاون سے میران شاہ کے یونس خان اسٹیڈیم میں کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستان الیون اور برطانوی میڈیا الیون کے درمیان ٹی ٹوئنٹی نمائشی میچ کو 'امن کپ' کا نام دیا گیا۔ 

یہی وجہ ہے کہ دنیا کو امن کا پیغام دینے کے لئے برطانوی میڈیا الیون کی ٹیم میران شاہ میں موجود ہے جہاں اس نے پاکستان الیون کے خلاف میچ کھیلا۔

پاکستان الیون نے نمائشی میچ میں برطانوی میڈیا الیون کو جیت کے لئے 253 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 120 رنز بناسکی۔

پاکستان الیون کی جانب سے شاہد خان آفریدی 80 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ انضمان الحق نے 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

تماشائیوں نے یونس خان، مشتاق احمد، عمر گل، جنید خان اور کامران اکمل کو بھی اپنی آنکھوں کے سامنے کھیلتے ہوئے دیکھا۔

برطانوی میڈیا الیون کی 18 رکنی ٹیم میں صحافیوں کے علاوہ، وکلا، تاجر اور تعلیمی اداروں کی نمائندگی بھی تھی جب کہ 21 سے 62 سال تک کے کھلاڑی میدان میں اترے۔ 

شہریوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنےکے لئے یونس خان کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود تھی جب کہ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی میچ دیکھا۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس میچ کے حوالے سے آگاہ کیا اور کہا کہ امن اور خوشحالی ہماری منزل ہے۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ امن کپ کے ذریعے ثابت کریں گے پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔

مزید خبریں :