پاکستان
Time 21 ستمبر ، 2017

'کچھ لوگ مذہب کی غلط تشریح کر کے نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں'

وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ مذہب کی غلط تشریح کر کے نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امن کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا اور کسی بھی ملک کی ترقی کی بنیادی شرط امن و استحکام ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان غیروں کی جنگ میں بھی ہراول دستے کا کردار ادا کرتا رہا، افغانستان میں سوویت جنگ میں ہنسی خوشی پہنچ گئے کہ ہمارا بھی مفاد ہوگا لیکن مغرب نے سوویت کو شکست دے کر انعام کی ٹرافی لی لیکن پاکستان کے پاس بدامنی اور لاکھوں افغان مہاجرین حصے میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 تک ملک میں روزانہ بم دھماکے ہوتے اور درجنوں افراد جان کی بازی ہار جاتے جب کہ عالمی میڈیا پاکستان کو عراق سے بھی زیادہ خطرناک ملک قرار دیتا تھا لیکن اب ایسی صورتحال نہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سے قبل عالمی میڈیا پاکستان کی معاشی زبوں حالی بیان کر رہا تھا لیکن آج وہی میڈیا پاکستانی معیشت کے استحکام کی خبریں دے رہا ہے۔

مزید خبریں :