پاکستان
Time 21 ستمبر ، 2017

مشرف آصف زرداری پر الزام کی بات پہلے بھی کر چکے ہیں، سعید غنی

پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف بے نظیر بھٹو قتل سے متعلق آصف زرداری پر الزام کی بات پہلے بھی کر چکے ہیں ۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف کا نام ہے اور وہ وطن واپس آئیں اور عدالت میں اپنی صفائی دیں۔

سعید غنی نے کہا کہ پرویز مشرف آصف زرداری پر پہلے بھی الزام لگا چکے ہیں اور ان کے الزامات سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کے عدالتی فیصلے پر اپیل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کے نتیجے میں پرویز مشرف پر کیس چلا اور عدالت سے مفرور ہونے کے بعد اب وہ ملک سے باہر بیٹھ کر الزام تراشی کر رہے ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ایف آئی اے اور اقوام متحدہ سے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کرائیں تاہم اس کیس کے فیصلے سے ہماری جماعت اتفاق نہیں کرتی۔ 

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا ذمہ دار بھی آصف زرداری کو ٹہھرایا لیکن وہ نامزد تھے لیکن عدالت نے انہیں اس مقدمے میں باعزت بری کیا۔

سعید غنی نے کہا کہ اگر پرویز مشرف خود کو بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بے گناہ سمجھتے ہیں تو عدالت کے سامنے پیش ہوں۔ 

خیال رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھٹو خاندان کے نام اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

پرویز مشرف نے اپنے پیغام میں بے نظیر بھٹو اور ان کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا ذمہ دار آصف علی زرداری کو قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 31 اگست کو بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 ملزمان کو بری اور 2 پولیس افسران کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی جب کہ عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :