پاکستان
Time 21 ستمبر ، 2017

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ٹائی کیوں نہیں پہنتے؟

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی  امریکی نائب صدر مائیک پنس ملاقات کے دوران دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ٹائی نہیں لگا رکھی ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ان دنوں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے موجود ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ دنوں امریکی نائب صدر مائیک پنس سمیت کئی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقات میں جہاں ان کی گفتگو پاکستانی میڈیا میں زیربحث رہی وہیں بعض لوگوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ نئے پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ٹائی کیوں نہیں پہنتے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہاں بھی ٹائی نہیں لگائی جب کہ تصویر میں باقی تمام افراد ٹائی میں نظر آ رہے ہیں۔

دنیا بھر کے رہنما عموماً اس طرح کی ملاقاتوں میں کوٹ اور پینٹ کے ساتھ مختلف رنگوں کی ٹائی لگاتے ہیں لیکن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایسا نہیں کیا اور نہ ہی ان کی کوئی ایسی تصویر نظر آتی ہیں جس میں انہوں نے ٹائی لگائی ہوئی ہو۔

تاہم گزشتہ روز نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشن میں گفتگو کے دوران مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹائی نہ لگاتے کی وجہ بھی بیان کر دی۔

وزیراعظم کو جب ایک گھنٹے طویل سوال و جواب کے بعد شکریہ ادا کیا گیا تو انہوں نے قہقہہ لگاتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کیلی فورنیا کے ایک اسکول میں تعلیم حاصل کی جہاں انہیں بتایا گیا کہ کیلی فورنیا میں ٹائی صرف اس وقت لگائی جاتی ہے جب آپ کی شادی ہو یا مرنے کے بعد آپ کی آخری رسومات ادا کی جا رہی ہوں۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آج ان دونوں میں سے کوئی موقع نہیں ہے۔

مزید خبریں :