شاہد آفریدی اب ’زلمی‘ کا نام بھی لینا پسند نہیں کرتے!

— میرانشاہ میں میچ کے دوران دیکھا جا سکتا ہے کہ آفریدی نے زلمی کا لوگو چھپا رکھا ہے جب کہ ان کے ساتھ موجود جنید خان کی شرٹ پر زلمی کا لوگو موجود ہے۔

ایک ٹیسٹ، 38 ون ڈے اور 43 ٹی 20 انڑنیشنل میچوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دینے والے شاہد آفریدی اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز "پشاور زلمی" کے مالک جاوید آفریدی کے تعلقات میں اب پہلی جیسی بات نہیں رہی۔

اب تو یہ کوئی نئی بات بھی نہیں رہی کیوں کہ ابتداء میں اس فرنچائز کی قیادت کرنے والے شاہد آفریدی نے پہلے دوسرے ایڈیشن میں خود کو قیادت سے علیحدہ کیا اور تیسرے ایڈیشن کے ڈرافٹ سے قبل ہی انہوں نے "کراچی کنگز" کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کر لیے۔

جس انداز میں انہوں نے کراچی کنگز کی جانب قدم بڑھائے اور میڈیا میں ان کی اس فرنچائز کی وابستگی کی باتیں زبان زد عام ہوئیں، اس پر "پی ایس ایل" انتظامیہ کے تحفظات کے بعد شاہد آفریدی نے محتاط رویہ اختیار کیا۔

تاہم، ایک بات واضع ہے کہ شاہد آفریدی تیسرے ایڈیشن میں "پشاور زلمی" کا حصہ نہیں ہونگے۔

آفریدی نے اپنی وردی کے بائیں جانب زلمی کے لوگوں کو  آرمی کے لوگوں سے چھپا رکھا ہے۔

ون ڈے کرکٹ میں ریکارڈ 351 چھکے لگانے والے شاہد آفریدی اپنی سابقہ فرنچائز سے خاصے نالاں دکھائی دیتے ہیں اور اس کا ایک عملی مظاہرہ انہوں نے گزشتہ روز پاکستان آرمی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور "پشاور زلمی" کے تعاون سے میران شاہ کے یونس خان اسٹیڈیم میں ببانگ دہل پیش کیا۔

آفریدی نے اپنی شرٹ اور ٹراوزر پر ’’پشاور زلمی‘‘ کے لوگو کو لگانا پسند نہیں کیا اور انہوں نے اپنی کٹ پر ’’پاکستان آرمی‘‘ کا اضافی لوگو لگا کر پی ایس ایل فرنچائز کو دو ٹوک پیغام دے دیا کہ اب ان کے اور ’’پشاور زلمی‘‘ کے تمام تعلقات گزرے ہوئے کل کا قصہ بن چکے ہیں۔

"پاکستان الیون " اور برطانوی میڈیا الیون کے درمیان "امن کپ" کے نمائشی میچ میں کھلاڑیوں کو جو "کٹ" دی گئی ،اس میں ایل طرف "پشاور زلمی" اور دوسری جانب "پاکستان آرمی" کا لوگو چسپاں تھا، البتہ شاہد آفریدی کی کٹ پر دونوں جانب "پاکستان آرمی" کا لوگو لگا تھا۔

میران شاہ میں کھیلے گئے ٹی 20 میچ میں شاہد آفریدی نے دھواں دھار 80 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔