اجے دیوگن کی فلم ’گول مال اگین‘ کا ٹریلر جاری

بالی وڈ ایکشن اسٹار اجے دیوگن کی فلم ’’گول مال اگین‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

فلم 2006 میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ’’گول مال‘‘ کا چوتھا سیکوئل ہے جس کی کاسٹ میں کرینہ کپور کی جگہ تبو اور پرینیتی چوپڑا کو شامل کیا گیا ہے۔

فلم کی مرکزی کاسٹ وہی رکھی گئی ہے جس میں اجے دیوگن، ارشد وارثی، تشال کپور، کنال کھیمو اور شہریاس تلپاڈے شامل ہیں اور فلم کی ہدایت کاری کے فرائض معروف ڈائریکٹر روہت شیٹھی نے سر انجام دیے ہیں۔

کامیڈی فلم کے چوتھے سیکوئل کے ٹریلر کو یو ٹیوب پر 36 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

فلم کے ٹریلر سے لگتا ہے کہ کامیڈی فلم کی کہانی کو بھوت اور چڑیل سے جوڑا گیا ہے اور فلم میں کامیڈی کے بے شمار مناظر دیکھنے کو ملیں گے جب کہ فلم میں جنوبی بھارت کے مشہور ولن پرکاش راج اور نیل نتین مکیش کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

فلم میں ہدایت کار روہت شیٹھی اپنے مخصوص انداز میں مہنگی ترین گاڑیوں کو شامل کرنا نہیں بھولے ہیں اور اس کامیڈی فلم میں بھی انہوں نے مہنگی و لگژری گاڑیوں کا تڑکا دیا ہے۔

روہت شیٹھی نے ’’گول مال اگین‘‘ میں بھی اینیمیٹڈ مناظر ڈالے ہیں اور اس مرتبہ بھی ٹریلر میں کئی جگہوں پر اینیمیٹڈ مناظر نظر آئے ہیں جس سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ فلم میں ایسے مناظر کی کتنی بھرمار ہوگی۔

فلم کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہدایت کار نے فلم میں کامیڈی کے علاوہ ایکشن، گلیمرس، خوبصورت لوکیشن اور ڈانس کے ساتھ ساتھ ہر رنگ ڈالنے کی کوشش کی ہے لیکن اب دیکھنا ہوگا کہ اس فلم کی کامیابی میں کتنا سود مند ثابت ہوگی۔

فلم کا ٹریلر فلم بینوں کو پسند آرہا ہے لیکن فلم کی کامیابی کا اندازہ فلم رواں سال 20 اکتوبر کے بعد ہی ہو گا جب یہ فلم ریلیز ہو گی۔


مزید خبریں :