دپیکا ’’پدماوتی‘‘ کے روپ میں مداحوں کو بھا گئیں

بالی وڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون کا سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ کے لیے نیا روپ مداحوں نے بے حد پسند کیا ہے۔

معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ نمائش سے قبل ہی بھارت کے مختلف شہروں میں سیٹ پر حملوں کے باعث شہ سرخیوں میں جگہ بناچکی ہے۔

فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ کے بعد نوجوان اداکار رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی جوڑی ایک بار پھر ساتھ نظر آئے گی جب کہ فلم میں شاہد کپور بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے۔

فلم ’’پدماوتی‘‘ ان فلموں میں شامل ہے جن کا فلم بین شدت سے انتظار کررہے ہیں جب کہ فلم کے ایک ساتھ 2 پوسٹر گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے جس میں فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان بھی کیا گیا۔

فلم کی پہلی جھلک میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دپیکا پڈوکون نے ’’رانی پدماوتی‘‘ کا روپ دھار رکھا ہے جس میں انہوں نے روایتی ملبوسات کے ساتھ ساتھ زیوارات بھی زیب تن کیے ہوئے ہیں۔

اداکارہ کا یہ منفرد روپ فلم بینوں کے ساتھ ساتھ ساتھی اداکاروں کو بھی پسند آیا ہے اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تبصرے بھی کیے۔

فلم نگری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی دپیکا کے نئی روپ کی معترف ہیں اور ہدایت کار کرن جوہر نے اپنی ٹوئٹ میں ان کی پہلی جھلک کی دل کھول کر تعریف کی ہے۔

اداکارہ عالیہ بھٹ بھی کہاں پیچھے رہ سکتی ہیں انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ’’جسٹ ڈائڈ‘‘ لکھ کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

ہدایت کار فرح خان نے بھی پدماوتی میں دپیکا کے کردار کی پہلی جھل کو بے حد پسند کیا ہے۔ 

دوسری جانب فلم کی پہلی جھلک کے ذریعے نمائش کی تاریخ 17 نومبر سے بڑھا کریکم دسمبر کر دی گئی ہے۔

فلم کے باکس آفس پر 26 سال بعد ایک ساتھ آنے والی امیتابھ بچن اور رشی کپور کی جوڑی کی فلم ’’102 ناٹ آؤٹ‘‘ سے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :