پاکستان
Time 23 ستمبر ، 2017

خیبر ایجنسی: راجگال چیک پوسٹ پر افغانستان سے فائرنگ، پاک فوج کا افسر شہید

راولپنڈی: راجگال میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے افسر لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرایجنسی میں راجگال کے علاقے میں قائم چیک پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی عمر 22 سال تھی اور وہ بطور کمانڈنگ آفیسر فرائض انجام دے رہے تھے جب کہ راجگال میں جس پوسٹ پر فائرنگ کی گئی اسے حال ہی میں قائم کیا گیا تھا۔

خیبرایجنسی میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی جس میں شہید کے اہل خانہ، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ اور گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سمیت سیاسی اور عکسری حکام نے شرکت کی۔

شہید لیفٹیننٹ کے جسدِ خاکی کو ان کے آبائی علاقے روانہ کیا جائے گا جہاں ان کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ بطور خودمختار قوم ہماری بقا کا معاملہ ہے، پاک سرزمین سے دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کرکےدم لیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، دہشت گردی کے خلاف آپریشنز بھرپور ہمت و حوصلے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ پاک فوج نے حال ہی میں خیبرایجنسی کے علاقے راجگال میں آپریشن خیبر فور مکمل کیا ہے۔

مزید خبریں :