23 ستمبر ، 2017
ملک بھر میں عید قرباں کے بعد ٹماٹر کی قیمتوں کو پر لگ گئے اور قیمتوں میں ڈبل سینچری نے خریداروں کو بھی ٹماٹر کی طرح لال کردیا ہے۔
ٹماٹر کی قیمتیں عیدقرباں کے بعد بڑھنی شروع ہوئیں اور چند ہفتوں میں آسمان پر جا پہنچیں ہیں۔
ملک بھر میں پیاز کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اب ٹماٹر کی قیمت نے بھی ڈبل سنچری مکمل کرلی ہے۔
ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور اور پشاور سمیت کئی شہروں میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 150 سے 200 روپے کلو ہوگئی ہے اور کہیں تو قیمت اس سے بھی زیادہ ہے۔
جنرل سیکریٹری سبزی منڈی ایسوسی ایشن رؤف تنولی کا کہنا ہے کہ فصل متاثر ہونے سے سپلائی میں فرق پڑا ہے جب کہ 15 کلو گرام ٹماٹر کی پیٹی 1600 سے 1800 روپے کی ہے اور منڈی میں ٹماٹر 110 سے 120 روپے فی کلو گرام ہے۔
دوسری جانب کراچی کے کمشنر پرائز لسٹ اعجاز احمد نے کہا کہ بازارمیں درجہ اول ٹماٹر کی قیمت 158 روپے فی کلوگرام مقرر ہے اور درجہ دوئم ٹماٹر کی فی کلو گرام قیمت 130 روپے ہے تاہم زائد قیمتوں پر ٹماٹر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔