دنیا
Time 24 ستمبر ، 2017

شمالی کوریا کی سرحد کے قریب امریکی جنگی طیاروں کی پروازیں

شمالی کوریا پر جنگ کے بادل منڈلانے لگے اور سرحدی علاقوں میں امریکی لڑاکا طیاروں نے پروازیں کی ہیں۔

پینٹاگون نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی لڑاکا طیاروں نے شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے پیانگ یانگ کے شمال میں سمندر پر پروازیں کی ہیں۔

امریکی محکمہ دفاع کے مطابق جنگی جہازوں نے شمالی اور جنوبی کوریا کی سرحد سے دور شمال کی طرف پروازیں کیں اور یہ مشن امریکی ارادے کا ثبوت ہے۔

امریکی محکمہ دفاع نے جاری بیان میں مزید کہا کہ امریکی سرزمین اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے تمام فوجی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں جب کہ جنگی طیاروں کی پروازیں واضح پیغام ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے متعدد فوجی راستے موجود ہیں۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 'خودکش مشن' پر ہیں۔

اس سے قبل شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان نے دھمکی دی تھی کہ امریکا کو ڈونلڈ ٹرمپ کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

کم جانگ نے سرکاری میڈیا پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ٹرمپ نے دنیا کے سامنے ان کی اور ان کے ملک کی توہین کی اور وحشیانہ جنگ کا اعلان کیا جس کی قیمت امریکا کو ادا کرنا پڑے گی۔

مزید خبریں :