پاکستان
Time 25 ستمبر ، 2017

'قانون کی پاسداری پر شریف خاندان کے بنیادی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے'

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نے عدالتی فیصلے کے خلاف آئینی اور قانونی راستہ اختیار کیا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ سے اقامے پر ختم ہونے والے کیس پر قوم سوال کر رہی ہے تاہم شریف خاندان کو ہر پاکستانی شہری کی طرح تمام قانونی حقوق حاصل ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ آئین و قانون کا احترام کیا، شریف خاندان نے مقدمات میں قانون کی پاسداری کی مثال قائم کی اس لئے ان کے قانونی اور بنیادی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عدالت میں کرپشن کے خلاف نعرے لگانے والے خود مفرور ہیں اور وہ پہلے عدالتوں سے بھاگتے ہیں اور پھر معافی مانگتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4 سال میں اداروں کو کمزور کرنے کے علاوہ عمران خان نے اور کچھ نہیں کیا، عمران خان پارٹی فنڈنگ کے لئے جوا کھیلتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جوا نہیں کھیلا بلکہ مشورہ دے کر پیسہ کمایا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کرپشن چھپانے کے لئے احتساب کمیشن تک کو تالا لگایا گیا ہے ۔ 

مزید خبریں :