اجے کی ’’ گول مال اگین‘‘ ہنسی کا طوفان

اجے دیوگن کی دبنگ انٹریاں ساتھ میں ارشد وارثی، تشار کپور، وصولی بھائی، ببلی اور کوبرا گینگ کی ایکشن کامیڈی گول مال کے فینز کے دل میں بستی ہیں۔

گول مال ایک بار پھر سب کو ہنسا ہنسا کر چکرانے آرہی ہے اور پھر اس بار تو اس میں بھوت کا تڑکہ بھی ہے، گول مال سیریز بالی وڈ کی کامیاب ترین سیریز میں سے ایک ہے۔

فلم کی اسٹار کاسٹ ہدایت کار کے ہمراہ — فوٹو: این ڈی ٹی وی 

اس سیریز کی پہلی تینوں فلمیں ہٹ نہیں سپر ہٹ ہوئیں ہیں۔ ہارر سیریز فلم ”راز“ کا چوتھا پارٹ فلاپ ہوچکا ہے  لہذا اس لیے گول مال کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ بالی وڈ کی پہلی سیریز بن جائے گی جس کے چاروں حصے عوام میں مقبول ہوئے اور اسی کامیابی سے اس سیریز کی پانچویں فلم کیلئے بھی راستہ ہموار ہوجائے گا۔

’گول مال ‘اصل میں تو 1979 میں بننے والی امول پالیکر کی کامیڈی فلم کا نام ہے جو بالی وڈ میں ”کلاسک“ فلم کا درجہ رکھتی ہے۔ اِس فلم سے امول پالیکر کو اُس وقت بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا تھا جب باکس آفس پر ایک ہی ”سکندر“ امیتابھ بچن کا راج تھا۔

اسی گول مال کی کہانی پر بعد میں بہت بار ہاتھ صاف کیا گیا لیکن اِسی کہانی پر بننے والی گوندا کی ”قلی نمبر ون “ اور ابھیشک بچن اور اجے دیوگن کی ”بول بچن“باکس آفس پر سپر ہٹ بھی ہوئیں۔

بول بچن کے ہدایت کار روہت شیٹی ہیں جو پہلے ہی ”گول مال“ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکے تھے۔

فلم ’’گول مال اگین‘‘ کا ایک منظر — فوٹو این ڈی ٹی وی 

گول مال سیریز کی پہلی فلم 2006 ، دوسری 2008 اور تیسری فلم 2010 میں ریلیز ہوئی ہیں اور ان تینوں فلموں میں دو دو سال کا وقفہ تھا لیکن اب چوتھا حصہ سات سال بعد دھوم مچانے آرہا ہے۔

اجے دیوگن، ارشد وارثی، تشار کپور، مکیش تیواڑی اور سنجے مشرا چاروں گول مال میں کاسٹ ہوئے۔ شرمان جوشی پہلی فلم کے بعد ایسا غائب ہوئے کہ پھر کسی گول مال میں نظر نہیں آئے ۔ 

شریاس تھلپڈے نے شرمان جوشی کی جگہ لی پھر تیسرے حصے سے کنال کھیمو اور جانی لیور بھی اس سیریز سے جُڑ گئے۔

گول مال سیریز کے صرف اداکار ہی نہیں حسینائیں بھی بدلیں ہیں، پہلی گول مال میں رمی سین دوسری اور تیسری میں کرینا کپورنے کام کیا اور اب چوتھی میں تبو اور پرینیتی چوپڑا کو جگہ ملی ہے۔

— فوٹو این ڈی ٹی وی 

اسی طرح اس سیریز کے لیے میوزک کے میدان میں پہلے وشال شیکھر نے انٹری دی اور پھر پریتم نے دو فلموں کے لیے میدان سنبھالا لیکن اب قبضہ کیا ہے انو ملک کے بھتیجے ارمال ملک نے۔

اس سیریز میں پاریش راول اور متھن جیسے سینئر اداکار کام کرچکے ہیں اس بار اس میں سرپرائز ہوگا ”آواز“ اور ”انداز“ کے ”نانا“ نانا پاٹیکر کا۔

پچھلی تینوں گول مال مجموعی طور پر چار سو کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہیں،اِس گول مال سے توقع ہے کہ یہ اکیلے دنیا بھر میں چار سو کروڑ کے قریب بزنس کرے گی اور اس سال کی اب تک کی سب سے کامیاب بالی وڈ فلم بن کر سامنے آئے گی(باہو بلی2 ڈب فلم ہے اس کا ریکارڈ الگ ہے)۔

فلم کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں اسٹار کاسٹ شریک —فوٹو انڈیا ویسٹ

اس بار بھی ہر گول مال کی طرح یہ فلم رنگوں سے سجی اور قہقہوں سے بھری ہوئی ہے۔ اس فلم کو بڑی اوپننگ میں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا لیکن اس فلم کے ساتھ ریلیز ہونے والی عامر خان کی فلم”سیکرٹ سپر اسٹار“دوسرے ہفتے سے اِس فلم کے کلیکشن میں”ڈینٹ“ ڈال سکتی ہے۔

’سیکرٹ سپر اسٹار‘ سے ٹکر کے باوجود گول مال کی پہلے ویک اینڈ میں 70 کروڑ کی اوپننگ یقینی ہے۔ اِس فلم کے کمزور ہونے کی صورت میں بھی فلم کم سے کم 150 کروڑ کماکر اس سال کی کامیاب ترین بالی وڈ فلم بن جائے گی۔

مزید خبریں :