شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ہے جس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ ایک گھنٹہ 45 منٹ جاری رہنے والی ملاقات میں پارٹی کی اندرونی صورت حال پر بھی بات کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پارٹی کے صدر سے متعلق بھی تبادلہ خیال گیا گیا۔

ون آن ون ملاقات میں اداروں کے خلاف جارحانہ پالیسی نہ اپنانے سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ دیگر امور پر بات چیت کے لیے دوبارہ ملاقات کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب میں پیش ہونے کے سابق وزیراعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں نااہل کرنے کا فیصلہ ہوچکا تھا جس کے لئے اقامہ کی آڑ لی گئی تاہم حالات کی سنگینی کا سامنا پہلے بھی کیا اور اب بھی کر رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عدالتوں سے فرار ہونا ہمارا طریقہ نہیں، ہمیشہ عدلیہ کی آزادی کے لئے کردار ادا کیا لیکن جانتا ہوں کہ کس جرم کی سزا دی جارہی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ جانتا ہوں اصل جرم کیا ہے لیکن عوام کے ساتھ کھڑا رہوں گا، پاکستان کے تحفظ اور ترقی کی قسم کھائی ہے اور اپنے عہد وفا کے لئے جو بھی قربانی دینا پڑے اس سے گریز نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پاناما کیس پہلا کیس ہے جس میں دفاع کرنے والے کے تمام آئینی و قانونی حقوق سلب کرلئے گئے اور بار ثبوت مدعی کے بجائے ہم پر ڈال دیا گیا۔

مزید خبریں :