ایپل کمپنی نے نئے آئی فون 8 پلس کی خامیوں کا اعتراف کرلیا

نیا آئی فون8 روز گولڈ کی تصویر جسے تائیوان کے صارف نے شیئر کیا۔ 

ایپل کے نئے آئی فون 8 پلس اسمارٹ فون میں صارفین کی جانب سے شکایات کے بعد کمپنی نے خامیوں کا اعتراف کرلیا ہے۔ 

چین، تائیوان اور جاپان سے صارفین نے شکایت کی تھی کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والے آئی فون 8 پلس کی بیٹری چارج کرنے پر پھول رہی ہے اور اسکرین بھی موبائل سے علیحدہ ہورہی ہے۔ 

ابتدائی طور پر ایپل کمپنی نے اسے افواہ قرار دیا لیکن اب باضابطہ طور پر کمپنی نے خامی کا اعتراف کرتے ہوئے اسے جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 

سب سے پہلے تائیوان سے تعلق رکھنے والی صارف 'ایم ایس وز' نے اپنے جلے ہوئے نئے آئی فون کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کر کے اس خامی کی نشاندہی کی۔









ان کا کہنا تھا کہ وہ ایپل کمپنی کی بہت بڑی مداح ہیں اور انہیں آئی فون ہی پسند ہے لیکن وہ نئے آئی فون 8 پلس کو خرید کر کافی مایوس ہوئی ہیں۔

دو روز قبل چین کے صارف 'لیو' نے مقامی مارکیٹ سے آئی فون 8 پلس کو خریدا لیکن کچھ ہی دیر بعد وہ اس کی شکایت لے کر مارکیٹ پہنچ گئے۔ 

چینی میڈیا کے مطابق 'لیو' نے  نئے آئی فون 8 پلس کی ایسی تصاویر بھی شیئر کیں جس میں آئی فون 8 پلس  صحیح حالت میں نہیں تھا جس کو دیکھتے ہی انہوں نے اسے واپس کردیا۔

اس سے قبل بھی ایپل کمپنی کو ایشیائی صارفین کی جانب سے بھی شکایات موصول ہوئیں تاہم تحقیق اور حقائق کی بنا پر کمپنی نے اس کی خامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اسے دور کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کمپنی کے ترجمان کا کہنا کہ  صارفین کو آئی فون 8 پلس میں پیش آنے والے تمام مسائل پر غور کیا جارہا ہے تاہم جلد ہی نئے آئی فون 8 پلس میں بیٹری اور دیگر شکایت دور کردی جائے گی۔ 


مزید خبریں :