نیب ریفرنسز سیاسی انتقام کے علاوہ اور کچھ نہیں، حسن نواز

لندن: میاں نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کا کہنا ہےکہ نیب ریفرنسز سیاسی انتقام کے علاوہ اور کچھ نہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز کی عدم پیشی پر انہیں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی ہے اور اس ضمن میں اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

نیب کارروائی پر لندن میں نمائندہ جیونیوز نے حسن نواز سے گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ نیب کی کارروائی سیاسی انتقام کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے، کوئی ایسا جرم نہیں کیا جس پر اشتہاری قرار دیا جائے۔

حسن نواز نے کہا کہ وہ اشتہاری ہوہی نہیں سکتے، وہ پچھلے 24 سال سے لندن میں رہائش پذیر ہیں، جس شہر اور جس ملک میں رہائش پذیر ہیں آج بھی وہیں پر ہیں اور ایسا کوئی کام نہیں کیا، نہ پاکستان سے فرار ہوا  ہوں جس پر اشتہاری قرار دیا جائے۔

احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ اپارٹمنٹس، العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ انویسمنٹ میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 13 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف تین اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس دائر کیا ہے۔

مزید خبریں :