کاروبار
Time 10 اکتوبر ، 2017

صارفین میں مسلسل اضافہ: پاکستان نیٹ استعمال کرنیوالی 10 معیشتوں میں شامل

اسلام آباد: پاکستان میں انٹرنیٹ کااستعمال روز بروز بڑھ رہا ہے اور اس وقت پاکستان انٹرنیٹ استعمال کرنے والی 10 معیشتوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ 

اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت و ترقی ( یو این سی ٹی اے ڈی) کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ کے مطابق اس رینکنگ میں پاکستان 9 ویں پوزیشن پر ہے جب کہ ایران 7 اور بنگلہ دیش 10ویں پوزیشن پر ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2012ء سے 2015ء کے دوران 16 ملین سے زائد پاکستانی آن لائن ہوئے جو ملک میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی مجموعی تعداد کا 47 فیصد بنتا ہے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ملک میں تھری جی، فور جی ٹیکنالوجی اور اسمارٹ فون کی تعداد میں اضافے کے بعد پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس وقت ملک میں انٹرنیٹ کے ذریعے تجارت کو بھی فروغ مل رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دراز، علی ایکسپریس، کیمو، اوبر اور کریم استعمال کرنے والے صارفین بھی انٹرنیٹ کااستعمال کررہے ہیں۔

جب کہ ایک سروے کے مطابق اسمارٹ فون رکھنے والے 73 فیصد صارفین موٹر رائیڈ سروس کے لیے معاون ایپلیکیشنز استعمال کررہے ہیں۔

مزید خبریں :