کرن کو کاجول سے لڑائی پر پچھتاوا

— فوٹو:فائل

بالی وڈ کے نامور ہدایت کار کرن جوہر کو اداکارہ کاجول سے لڑائی کو بڑھانے پر پچھتاوا ہونے لگا ہے۔

کرن جوہر اور اداکارہ کاجول کے درمیان 25 سال تک دوستی رہی لیکن گزشتہ سال اجے دیوگن کی وجہ سے کاجول نے کرن سے دوستی ختم کردی تھی۔

دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف بیانات بھی دیئے تھے اور کئی ٹی وی شوز میں ایک دوسرے کے خلاف بولتے رہے جب کہ دونوں تقریبات میں بھی ایک دوسرے کو نظر انداز کرتے نظر آئے۔

کرن جوہر نے مشہور ٹی وی شو’’نو فلٹر نیہا‘‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اداکارہ سے اپنے تعلق پر بھی کھل کر بات کی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کاجول کے خلاف بہت کچھ کہا ہے لیکن جب میں ان چیزوں کو دوبارہ مُڑ کر دیکھتا ہوں تو لگتا ہے کہ وہ سب میں نے غصے میں کہا تھا، مجھے وہ سب نہیں کہنا چاہیے تھا۔‘

کرن کا کہنا تھا کہ زندگی میں کچھ رشتے ایسے ہوتے ہیں کہ سامنے والا آپ کی دل آزاری بھی کرتا ہے تو اس کے سامنے بات کرکے معاملہ سلجھا لینا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں کرن نے کہا کہ میں نے اپنے بچوں کی پیدائش کی خبر سب سے پہلے کاجول کو دی اور اپنے میسج میں کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ تم میرے بچوں کی خبر اخبار میں پڑھو یا آن لائن دیکھو اسی لیے میں نے فوراً تمہیں اطلاع دی ہے۔

گزشتہ سال کرن جوہر کی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ اور کاجول کے شوہر اجے دیوگن کی فلم ’’شیوے‘‘ ایک ساتھ نمائش کے لیے پیش کی گئیں تھیں تاہم اجے نے کرن پر ان کی فلم کو ناکام بنانے کے لیے فلمی تجزیہ کار کو رشوت دینے کا الزام عائد کیا تھا۔

اس کے بعد کاجول نے بھی شوہر کی حمایت کرتے ہوئے کرن سے پرانی دوستی توڑ دی تھی۔

مزید خبریں :