بالی وڈ سپراسٹار امیتابھ بچن نے زندگی کی 75 بہاریں دیکھ لیں

بالی وڈ کے بے تاج بادشاہ امیتابھ بچن آج اپنی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

بالی وڈ نگری میں 4 دہائیوں سے زائد اداکاری کے جوہر دکھانے والے سپراسٹار امیتابھ بچن کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے مداح انہیں مبارکباد کے پیغامات دے رہے ہیں۔

امیتابھ بچن بھارت کے شہر اتر پردیش میں 11 اکتوبر 1942 کو پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1969 میں کیا۔

فلمی دنیا میں قدم رکھتے ہی امیتابھ نے اپنی بہترین اداکاری سے بھارت سمیت پوری دنیا میں شہرت حاصل کرلی۔

لیجنڈ اداکار نے بالی وڈ نگری میں متعدد مشہور فلمیں کیں جن میں ڈان، شہنشاہ، شعلے، سلسلے، یارانہ، مقدر کا سکندر، دیوار، ستے پے ستا، سوریا ونشم، امر اکبر اینتھونی اور دیگر شامل ہیں۔

امیتابھ پر فلمائے گئے متعدد گانے آج بھی مداحوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں،  جن میں 'دیکھا ایک خوب تو یہ سلسلے ہوئے' ، 'او ساتھی رے' ، 'کہئی کے پان بنارس والا'، 'یہ دوستی'،  'نیلا آسمان سوگیا' ، 'یہ کہاں آگئے'، 'کبھی کبھی میرے دل میں خیال آتا ہے'، 'تو مجھے قبول' شامل ہیں۔

امیتابھ نے اپنے دور کی تمام حسیناوں کے ساتھ کام کیا جن میں زینت امان، سائرہ بانو، ممتاز، وحیدہ رحمان، جیا بہادری، جیا برادھا، ہیما مالنی، سری دیوی، ڈمپل کپاڈیا، منیشا کرالا اور ریکھا شامل ہیں۔

1981 میں ریلیز ہونے والی فلم 'سلسلے' نے باکس آفس پر خوب دھوم مچائی جس میں امیتابھ نے ادکارہ ریکھا کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائی، مداحوں کی جانب سے دونوں کی جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا۔

بالی وڈ نگری میں امیتابھ بچن اور اداکارہ ریکھا کے درمیان معاشقہ خبروں کی زینت بنتا رہا لیکن 1973 میں امیتابھ نے جیا بہادری سے شادی کی جو خود بھی اداکارہ تھیں۔

امیتابھ بچن نے نا صرف بڑے پردے پر شاندار کارکردگی دکھائی بلکہ سال 2000 میں پہلی مرتبہ ٹی وی شو 'کون بنے گا کڑور پتی' کی میزبانی کی۔ 

امیتابھ نے بھارت سمیت دیگر ممالک سے کئی ایوارڈز حاصل کئے بہترین اداکار کے طور پر  فلم فیئر، پدمابھوشن، اسٹار ڈسٹ، آئیفا، گلڈ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔

امیتابھ کو حاصل اعزازات میں آئی ٹی اے اچیور اور فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز بھی شامل ہیں۔ 

سالگرہ کے موقع پر بالی وڈ کے ستاروں سمیت دنیا بھر سے انہیں مبارک باد اور نیک خواہشات کے پیغام موصول ہو رہے ہیں۔ 




















مزید خبریں :