Can't connect right now! retry
Advertisement

انٹرٹینمنٹ
11 اکتوبر ، 2017

تخلیقی صلاحیت ختم ہوئی تو فلمی دنیا چھوڑ دوں گا: عامر

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اسٹار عامر خان کا کہنا ہے کہ جب ان کی تخلیقی صلاحیتیں ختم ہوجائیں گی تو وہ فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلیں گے۔

عامر خان فلموں میں تخلیقی صلاحیتوں ، اپنی جاندار اداکاری اور ساتھ ہی وہ ہر معاملے میں خیالات کا کھل کر اظہار کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں بالی وڈ کا مسٹر پرفیکشنسٹ کہا جاتا ہے۔ 

اپنی بے باک گفتگو کے باعث انہیں کئی بار تنازعات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

عامر خان نے حال ہی میں ترکی سے واپسی پر بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر اور ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک دن ان کی تخلیقی صلاحیتیں ختم ہوجائیں گی لیکن ان کی خواہش ہے کہ اس کا علم انہیں سب سے پہلے ہو تاں کہ وہ فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلیں۔

فلمی دنیا میں اقربا پروری کے حوالے سے سوال پر عامر خان نے کہا کہ اقربا پروری فلمی صنعت میں ہی نہیں بلکہ ہر جگہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اپنے بچوں کو فلم نگری میں متعارف کرانے سے کچھ نہیں ہوتا کیوں کہ اصل فیصلہ فلم بینوں نے کرنا ہوتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انہیں ان سب چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کیوں کہ وہ اپنی فلموں میں سچائی کو ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس معیار پر پورا اترنے والوں کو ہی سامنے لاتے ہیں۔

گزشتہ دنوں امریکی جریدے فوربز نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست جاری کی جس میں بالی وڈ کے بھی کئی نام شامل تھے لیکن اس میں عامر خان کا نام نہیں تھا۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ اچھا خاصا اور ضرورت سے زیادہ پیسہ کمالیتے ہیں اس لیے ان کے لیے فلموں سے کمائی کرنا کوئی معنی نہیں رکھتا کیوں کہ وہ دلوں کو چھونے کے خواہش مند ہیں۔

عامر خان نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی بھی فلموں سے پیسا کمانے کا نہیں سوچا ہے جس کی وجہ صرف یہی ہے کہ وہ جاندار کہانیوں پر یقین رکھتے ہیں تاکہ فلم بینوں کو تفریح مل سکے۔ 

انہوں نے سال میں ایک ہی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی فلمیں سال یا دو سال میں تکمیل تک پہنچتی ہیں جس کی وجہ سے وہ ایک وقت میں ایک ہی فلم پر ذہن لگا سکتے ہیں۔

عامر خان فلموں میں اپنے کردار میں ڈھل جانے کے باعث بھی مشہور ہیں لیکن وہ کہتے ہیں کہ ان کے گھر والے بھی ان کے بدلتے ہوئے روپ پر پریشان ہوتے ہیں اور ان کی اہلیہ بھی مذاق اڑاتے ہوئے کہنے لگی ہیں کہ ان کا اصلی چہرہ یاد ہی نہیں رہا ہے۔

عامر خان نے شو کے دوران بھارتی سیاست پر کسی بھی قسم کے سوال کا جواب دینے سے معذرت کی جس کی ممکنہ وجہ ان کی نئی ریلیز ہونے والی فلم کے حوالے سے کسی بھی محاذ آرائی سے بچنا تھا۔

Advertisement