نیب ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز مفرور ملزم قرار

اسلام آباد: نیب ریفرنسز میں عدم پیشی پر حسن اور حسین نواز کو مفرور ملزم قرار دیدیا گیا۔

اسلام آباد کی احتساب نے نیب ریفرنسز میں عدم پیشی پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا اور سابق وزیراعظم کے دونوں صاحبزادوں کے اخبار میں اشتہار جاری کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز نیب لاہور نے عدالتی حکم پر حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے لاہور میں ماڈل ٹاؤن اور جاتی امرا کی رہائش گاہوں پر نوٹس چسپاں کیے تھے۔

نمائندہ جیونیوز کےمطابق تین ریفرنسز میں عدالتی حکم پر آج احتساب عدالت کے نوٹس بورڈ پر دونوں ملزمان کے اشتہار  چسپاں کردیئے گئے ہیں جس میں دونوں کو مفرور ملزم قرار دیا گیا ہے۔

اشتہار کے متن میں کہا گیا ہےکہ دونوں ملزمان نیب ریفرنسز میں مفرور ہیں اور دونوں کو 30 دن کےا ندر عدالت میں پیش ہونا ہے اگر حسن اور حسین نواز ان 30 دنوں میں عدالت میں پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری ملزم قرار دیا جائے گا۔

اشتہار میں مزید کہا گیا ہےکہ دونوں ملزمان کے ایک ماہ میں پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کی جائیداد ضبطی کی کارروائی کا آغاز کردیا جائے گا۔

واضح رہےکہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے  فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف تین اور اسحاق ڈار کے خلاف ایک ریفرنس دائر کیا ہے جب کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر حسن اور حسین نواز کے مقدمات الگ کرنے کی ہدایت کی۔


مزید خبریں :