پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2017

’عدالت میں جو ہوا اس کے مقاصد کیا تھے، تحقیقات ہونی چاہیے‘

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہےکہ آج جو کچھ عدالت میں ہوا اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے کہ اس کے مقاصد کیا تھے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آج نیب ریفرنسز پر مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور میاں نوازشریف پر فرد جرم عائد کی جانی تھی تاہم نوازشریف آج پیش نہ ہوئے اور انہوں نے نمائندہ مقرر کرکے عدالت بھیجا۔

احتساب عدالت کے باہر وکلا اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور یہ صورتحال کمرہ عدالت تک جا پہنچی۔

کیس کی سماعت کے آغاز میں ہی وکلا نے عدالت کے اندر جاکر ہنگامہ کیا جس کے باعث جج کمرہ عدالت سے اٹھ گئے اور سماعت ملتوی کردی۔

سماعت ملتوی ہونے کے بعد مریم نواز اور ان کے شوہر بھی کمرہ عدالت سے فوری باہر آئے جب کہ مریم نواز نے اس موقع پر ناراضی کا اظہار کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں پتا آج ہوا کیا ہے، جب وکلا کو عدالت کے اندر آنے کی اجازت تھی تو ان کے ساتھ زیادتی ہوئی اور انہیں روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ سے درخواست کروں گی کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے کہ یہ سب کیوں ہوا اور اس کے پیچھے مقاصد کیا تھا۔


مزید خبریں :