دنیا
Time 13 اکتوبر ، 2017

مغویوں کی بازیابی پاک امریکا تعلقات میں مثبت لمحہ ہے، ٹرمپ

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے قبضے سے کینیڈین شہریوں کی بازیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاک امریکا تعلقات میں مثبت لمحہ قرار دیا ہے۔ 

پاک فوج کے آپریشن میں امریکی خاتون سمیت 5 افراد کی بازیابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی تعاون سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ خطے میں سیکیورٹی کے لیے امریکی خواہشات کو تسلیم کرتا ہے۔

دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے بھی غیر ملکی شہریوں کو بازیاب کرانے پر پاکستانی حکومت اور فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مدد کے بغیر مغویوں کی رہائی ممکن نہ تھی۔

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کا بھی کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے بہترین طریقے سے کام کیا، شہریوں کی بازیابی مستقبل میں قریبی تعاون کا اشارہ ثابت ہوگی۔

ترجمان امریکی محکمہ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ کامیاب آپریشن پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، کامیاب آپریشن میں معاونت کے لیے پاکستانی فوج کے شکر گزار ہیں ۔

رہائی پانے والے جوشوا بوائل کے والدین نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ہمارے خاندان کو بحفاظت رہائی دلوانے پر پاک فوج کے جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

امریکی میڈیا میں بھی پاک فو ج کی کامیاب کارروائی کو شہہ سرخیوں میں جگہ دی جارہی ہے اور کارروائی کو پاک امریکا تعلقات میں جمی برف پگھلانے کا نکتہ آغاز قرار دیا ہے۔

معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ کینیڈین جوڑےکی بازیابی سے پاک امریکا تعلقات میں جمی برف پگھلنےکا امکان ہے۔

بعض اخبارات نے لکھا کہ کیتلان، اس کے شوہر اور بچوں کی بازیابی نے پاکستان کے بارے میں ٹرمپ کا رویہ بدل دیا ہے۔

مزید خبریں :