Can't connect right now! retry
Advertisement

دنیا
13 اکتوبر ، 2017

مقبوضہ کشمیر:خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات پر حریت قیادت کی اپیل پر احتجاج

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے بڑھتے ہوئےواقعات کے خلاف حریت قیادت کی اپیل پراحتجاج جاری ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی روز سے خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات پیش آرہے ہیں جن میں اب تک 100 سے زائد خواتین کی چوٹی کاٹ دی گئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے خواتین کو حراساں کرنے کے واقعات کے خلاف احتجاج کی اپیل کی ہے اور احتجاج کی وجہ سے وادی میں دوسرے روز بھی اسکول بند ہیں۔

حریت قیادت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں چٹیا کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، واقعات بڑھنے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔

احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے حریت رہنماؤں نے خطے میں بھارت کی ریاست دہشت گردی کی بھی مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنا کردار ادا کر ے۔

مظاہرین نے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک سمیت دیگر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

جب کہ کشمیر یونیورسٹی اور سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے طلبا نے بھی خواتین کی چوٹی کاٹے جانے کے واقعات پر احتجاج کیا۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی واقعات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

Advertisement