دوسرے ون ڈے کیلئے پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی متوقع نہیں

شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ون ڈے کا میزبان ہوگا۔

دبئی کا پہلا ون ڈے 83رنز سے جیت کر پاکستان ٹیم پانچ ون ڈے کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر چکا ہے، پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے دوسرے ون ڈے کے لئے ان ہی گیارہ کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے،جو پہلے ون ڈے کی فائنل لائن اپ کا حصہ تھے۔

اگرچہ اوپنر احمد شہزاد 12گیندوں پر کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے تھے،تاہم ٹیم مینجمنٹ نے احمد شہزاد کو فخر زمان کے ساتھ ہی اوپنر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دبئی میں فخر زمان نے43 رنز کی اننگز کھیلی تھی، اس کا مطلب صاف ہے کہ چیف سلیکڑ کے بھتیجے امام الحق کو ابھی انتظار کرنا ہوگا۔

ٹیم کے کپتان سرفراز احمد فاسٹ بولر رومان رئیس کی کارکردگی سے خاصے مطمئن ہیں۔

یاد رہے محمد عامر زخمی ہونے کے سبب سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے دستیاب نہیں ہیں اور ان کی جگہ اسکواڈ میں عثمان خان شنواری کو موقع دیا گیا ہے۔

پاکستان ٹیم کے کوچ مکی آرتھر بابر اعظم اور شعیب ملک کی پہلے ون ڈے میں شاندار بیٹنگ پرفارمنس سے خاصے مطمئن ہیں۔

بابر اعظم نے پہلے ون ڈے میں 131 گیندوں پر 5 چوکوں کیساتھ 103رنز بنائے تھے البتہ شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا جنھوں نے 132کے اسڑائیک ریٹ کیساتھ 81 رنز بنانے کے لئے 5 چوکے اور دو چھکے لگائے تھے۔

ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پانچ ون ڈے میں تین پاکستان اور دو سری لنکا جیتا ہے۔

ممکنہ طور پر دوسرے ون ڈے کے لئے پاکستان کی گیارہ رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: احمد شہزاد،فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد(کپتان/وکٹ کیپر) عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، رومان رئیس اور جنید خان۔

مزید خبریں :