کھیل
Time 16 اکتوبر ، 2017

’کرکٹ بورڈ کو اب کراچی اور دیگر شہروں کی طرف آنا چاہیے‘

لاہور: سابق اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہےکہ کرکٹ بورڈ اب کراچی سمیت دیگر شہروں کی طرف آئے کیونکہ ہمیں دنیا کو بتانا ہے صرف لاہور نہیں پورا پاکستان محفوظ ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت جو ٹیم ہے اچھی ہے اور یہی کمبینیشن ہے، ہم دو ٹیسٹ ہارے لیکن ٹیم مصباح اور یونس کے بعد جدوجہد کررہی ہے اور آگے بھی کرے گی، ہم انہی لڑکوں کو سپورٹ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے لاہور میں آخری ٹی ٹوئنٹی ہے جو اچھی بات ہے لیکن اب بورڈ کو کراچی، ملتان اور راولپنڈی کی طرف جانا چاہیے کیونکہ ہمیں دنیا کو بتانا ہے صرف لاہور ہی نہیں پورا پاکستان محفوظ ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن پر خوشی ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہونی چاہیے، سری لنکا نے ہمیشہ ساتھ دیا اور پاکستان نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے، امید کرتا ہوں تمام کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے آنے سے کرکٹ تیز اور تبدیل ہوئی ہے جب کہ 10 اوور والی کرکٹ بھی بالکل ٹھیک ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے جن کی خدمات ہیں ان کھلاڑیوں سے فائدہ لینا چاہیے۔

مزید خبریں :