ورون دھون بھی مادام تساؤ پہنچ گئے

— فوٹو:بشکریہ ورون دھون ٹویٹر اکاؤنٹ۔

بالی وڈ کے نوجوان اسٹار ورون دھون کا بھی مومی مجسمہ مادام تساؤ کی زینت بنے گا۔

ورون دھون نے 2012 میں ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور اپنی پہلی فلم سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔

 اپنے کیرئیر میں انہوں نے کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘، ’بدلہ پور’، ’اے بی سی ڈی 2‘، ’دل والے‘ اور ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ شامل ہیں۔

نوجوان اداکار نے کم عمری اور فنی سفر کے اوائل میں ہی مقبولیت حاصل کرلی ہے جس کے باعث اب انہیں کئی بڑے بڑے فلمی ناموں کے ساتھ مادام تساؤ میں رکھا جائے گا۔

ورون دھون کا مومی مجسمہ بھی اب ہانگ کانگ کے مادام تساؤ کی زینت بنے گا جس کے لیے ان کے قد و جسامت کا سائز بھی لیا جا چکا ہے اور اس طرح وہ جلد ہی مادام تساؤ  میں نظر آئیں گے۔

دوسری جانب ورون دھون نے 1997 کی فلم ’’جڑواں‘‘ کے سیکوئل میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور ان کی فلم کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

ورون کی فلم’جڑواں 2‘  100 کروڑ کلب کے بعد 200 کروڑ کلب میں بھی شامل ہوگئی ہے اور فلم نے بھارت سمیت دنیا بھر سے 200 کروڑ سے زائد کی کمائی کرلی ہے۔

فلم کی نمائش اب بھی کامیابی سے جاری ہے جس کے بعد کئی فلموں کے ریکارڈ ٹوٹنے کے بھی امکان ہیں۔

مزید خبریں :