پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2017

عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ایس ایس پی آپریشنز کو بھجوا دیے گئے

الیکشن کمیشن کی جانب سے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایس ایس پی آپریشنز کو بھجوا دیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں مسلسل عدم پیشی پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے اور اب اس سلسلے میں وارنٹ کی کاپی ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کو بھی بھجوا دی گئی ہے۔

ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے متن کے مطابق عمران خان عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں اس لئے انہیں 26 اکتوبر کو گرفتار کر کے صبح 10 بجے الیکشن کمیشن میں پیش کیا جائے۔

عمران خان کے خلاف وارنٹ گرفتاری پر 2 پتے درج ہیں، پہلا پتہ عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ اور دوسرا پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ کا ہے۔ 

15 ستمبر کو ہونے والی توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا تاہم عدم پیشی 12 اکتوبر کو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سینئر قیادت کے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ عمران خان 26 اکتوبر کو رضاکارانہ طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔

اجلاس کے دوران  بعض رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے بنیادی فریضے کی انجام دہی میں مکمل ناکام رہا ہے اور بعض مقدمات میں تحریک انصاف کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔

مزید خبریں :