شہبازشریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز کے درمیان 6 ماہ بعد ملاقات

لاہور: شہبازشریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز کے درمیان 6 ماہ بعد اہم ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مریم نواز کے چچا شہبازشریف کے درمیان 6 ماہ بعد انتہائی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں شہبازشریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران نوازشریف کی ملک میں عدم موجودگی کے باعث سیاسی امور چلانے پر بات چیت کی گئی جب کہ اس موقع پر شہبازشریف نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ محاذ آرائی کی سیاست سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اس لیے اداروں کے خلاف کوئی بھی بیان بازی نہ کی جائے اس سے نقصان ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں حمزہ شہباز کو بھی شریک کرکے مریم اور حمزہ کے درمیان سرد جنگ ختم کرانے کی کوشش کی جار ہی ہے۔

ملاقات کے حوالے سے مریم نواز کا کہنا تھا کہ انکل شہباز شریف سے ملاقات اچھے اور خوشگوار ماحول میں ہوئی تاہم اسے مختلف رن دے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ انکل شہباز کو سلام کرنے اور چائے پینے گئی تھیں، حمزہ، سلمان اور دیگر فیملی ممبرز کے ساتھ اچھی گپ شپ ہوئی۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے درمیان دراڑیں ڈالنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے۔

واضح رہے کہ این اے 120کے ضمنی انتخاب کی مہم حمزہ شہباز نے چلانی تھی تاہم اچانک حمزہ شہباز بیرون ملک روانہ ہوگئے تھے جس کے بعد مہم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے چلائی تھی۔

مزید خبریں :