ماہرہ خان کی فلم 'ورنہ' کا ٹریلر جاری

ڈراموں میں کامیاب اداکاری کے بعد فلم نگری میں قدم رکھنے والی ماہرہ خان کی نئی فلم 'ورنہ' کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ 

ہدایت کار شعیب منصور کی فلم 'ورنہ' میں ماہرہ خان مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ 

فلم کی کہانی ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کا بدلا لینے کی آگ دل میں لیے گھوم رہی ہے۔

فلم کے ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماہرہ خان فلم میں 'سارہ' کا کردار نبھا رہی ہیں جو شادی شدہ ہیں جبکہ معاشرے میں خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے لئے بھی وہ لڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔

ٹریلر میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ ماہرہ ظالم حکمرانوں کے نظام کے خلاف شوہر سے بھی الگ ہوجاتی ہیں اور شوہر کے منع کرنے کے باوجود وہ بدلہ لینے پر ڈٹی ہوئی ہیں۔  










مداحوں کی جانب سے فلم کا ٹریلر بے حد پسند کیا جارہا ہے اور بعض نے تو ماہرہ کی اداکاری کو بہترین  قرار دیا ہے۔

کچھ روز قبل فلم کا پہلا گانا 'سنبھل سنبھل کے' منظر عام پر آیا تھا جسے گلوکار و اداکار ہارون رشید اور گلوکارہ زیب بنگش نے گایا ہے۔ 

 
فلم ورنہ۔ماہرہ خان

ہدایت کار شعیب منصور اس سے قبل پاکستان فلم انڈسٹری کو 'خدا کے لئے' اور 'بول' جیسی بہترین فلمیں دے چکے ہیں۔

فلم میں ماہرہ کے ساتھ مرکزی کرداروں میں ہارون رشید، ضرار احمد، نیمل خاور اور رشید ناز شامل ہیں۔

خیال رہے کہ فلم 'ورنہ' رواں سال 17 نومبر کو باکس آفس کی زینت بنے گی۔

فلم ورنہ۔ماہرہ خان


مزید خبریں :