پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2017

عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے رکن قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی کو نا اہل قرار دینے کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد کردی ہے۔

اپیل پر فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے سنایا۔

عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے سےمتعلق انٹراکورٹ اپیل دائر کی گئی تھی جس میں سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔

سنگل بینچ نے عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے درخواست خارج کی تھی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے سے متعلق کارروائی الیکشن کمیشن میں جاری ہے جبکہ ممبر مجلس شورٰی کو نااہل قرار دینے کا طریقہ آئین میں درج ہے۔

خیال رہے کہ یکم اگست کو عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف کو خیرباد کہتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ تحریک انصاف میں پارٹی چیئرمین کی وجہ سے ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت محفوظ نہیں ہے اور عمران خان نے انہیں 2013 میں غیرمناسب پیغامات بھیجے تھے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر عائشہ گلالئی کے وکیل بیرسٹر مسرور شاہ نے ریفرنس میں ان کے موکل پر لگائے گئے تمام الزامات مسترد کر دیے۔

عائشہ گلالئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی سے 17 اگست تک جواب مانگنے کا شو کاز 18 اگست کو پوسٹ کیا گیا جب کہ پارٹی سربراہ نے جان بوجھ کر عائشہ گلالئی کو جواب دینے کا موقع نہیں دیا جو بظاہر بددیانتی لگتا ہے۔

مزید خبریں :