پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2017

پاکستانی علاقے میں ڈرون حملے کی خبریں بے بنیاد ہیں، ترجمان پاک فوج

پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر کرم ایجنسی میں ڈرون حملے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اس حوالے سے چلنے والے خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ افغان فورسز کی جانب سے پاک سرحد پر واقع کرم ایجنسی سے متصل افغان علاقوں خوست اور پکتیا میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران افغان فورسز کی جانب افغانستان میں متعدد فضائی کارروائیوں میں دہشت گردوں کا بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورہ افغانستان کے تناظر میں دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان روابط بڑھے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریزولوٹ سپورٹ مشن نے بروقت افغان فورسز کی جانب سے اپنی حدود کے اندر کئے جانے والے آپریشن سے آگاہ کیا۔


ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستانی علاقے میں ڈرون حملے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ افغان فورسز کے آپریشن کے دوران پاکستانی حدود کی کوئی خلاف ورزی کی گئی اور نہ ہی کرم ایجنسی میں کوئی ڈرون حملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ افغان فورسز کی جانب سے بروقت معلومات کے تبادلے کے باعث پاکستانی فورسز نے اپنی سرحدی حدود میں نگرانی بڑھائی۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے بہتر تعاون کے ذریعے دونوں ممالک اپنے مشترکہ دشمن کو شکست دے کر دیرپا امن و استحکام حاصل کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز میڈیا پر کرم ایجنسی میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 20 افراد کی ہلاکت سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں۔

مزید خبریں :