پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2017

زمینی حقائق پر سوچ میں فرق ہے ،اپنے قائد کو قائل کرلوںگا، حمزہ

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ زمینی حقائق پر نوازشریف اور شہبازشریف کی سوچ میں فرق ہے ،کوشش کروں گا کہ انہیں اپنے والد کے موقف قائل کرلوںگا۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں،پارٹی کے قائدنوازشریف ہیں،17سال کی عمر میں نوازشریف کے ساتھ جیل کاٹی،ہمیشہ ورکر کی طرح کام کیا اور کرتا رہوں گا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ ختم کردی ، سی پیک منصوبہ پاکستان لے آئے ،عام آدمی کی سوچ ہے کہ ن لیگ نے بہت کام کرلیا ہے ،اسے اداروں سے ٹکرانے کے بجائے ،2018ء کے الیکشن میں جانا چاہیے ۔

انہوں نےاعتراف کیا کہ این اے 120 میں مریم نوازشریف نے اچھے انداز سے مہم چلائی،جس کی وجہ سے ن لیگ ضمنی الیکشن جیتنےمیں کامیاب رہی ،انہوں نے خاندانی اختلافات کے تاثر کو رد کیا ۔

حمزہ شہباز نے مزید کہاکہ ذاتی اور سیاسی تعلقات الگ ہیں وقت پر مشورہ دیتا ہوں،آج بھی کہا تھاکہ ’کرسی نے ہمیشہ دھوکا دیا‘ میری تقدیر میں کوئی عہدہ ہوگا تو ضرور مل جائے گا ،بغیر عہدے کے بھی 10 برس سے بطور ایم این اے لوگوں کی خدمت کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ لڑرہےہیں ،اس کے لئے قربانیاں دینے والے فوجیوں کو سلام پیش کرتا ہوں ،ہمیں ان کی فیملیز کے ساتھ کھڑا ہونا ہے ۔

حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ قوم کے مسائل ہیں ، کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے رہتے ہیں،لوڈ شیڈنگ کو ختم کردیا،یہ آسان کام نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرے والد اور تایا کے درمیان اختلافات کی متعدد بار کوشش کی گئی ،لیکن ان کے درمیان محبت اور احترام کا رشتہ قائم تھا ،ہے اور رہےگا ۔

مزید خبریں :