دنیا
Time 18 اکتوبر ، 2017

مقبوضہ کشمیر: خواتین کی چٹیا کاٹنے کے شبے میں بھارتی فوجیوں کی پٹائی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے شبے میں عوام نے 4 بھارتی فوجیوں کی پٹائی کردی۔

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی روز سے خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات رونما ہورہے ہیں جن میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے جب کہ بعض مقامات پر قابض بھارتی فورسز پر ہی خواتین کی چٹیا کاٹنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کنگان کے علاقے میں قابض بھارتی فوج کے 3 سادہ لباس اہلکار نجی کار میں سوار تھے اور علاقے میں مشکوک اندازمیں گشت کررہے تھے جہاں مقامی افراد کے ایک ہجوم نے انہیں روکا اور شناخت ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا۔

اہلکاروں کی جانب سے مقامی افراد کو جب کارڈ دکھائے گئے تو وہ بھارتی فوجی نکلے جس پر لوگوں کو شک ہوا کہ یہ فوجی اہلکار خواتین کی چٹیا کاٹنے کے ارادے سے آئے تھے جس کے باعث مقامی افراد نے بھارتی فوجیوں کی بری طرح پٹائی کردی۔

واقعے کے بعد قریب ہی موجود بھارتی فوجیوں کے کیمپ سے اہلکار اپنے ساتھیوں کو بچانے پہنچ گئے اور انہیں ہجوم سے چھڑا لے گئے۔

اسی طرح کا ایک واقعہ ضلع کپواڑہ میں بھی پیش آیا جہاں مقامی لوگوں نے ایک بھارتی فوجی کو اسی شک کی بنا پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد بھارتی فوجیوں کو اپنے ساتھی کی جان چھڑانا پڑی۔

دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خاتون کی چٹیا کاٹنے کا تازہ واقعہ ضلع گندیربل کے علاقے بیہاما میں پیش آیا ہے۔

مزید خبریں :