کھیل
Time 18 اکتوبر ، 2017

پاک سری لنکا تیسرے ٹی ٹوئنٹی کیلئے 1500 والے تمام ٹکٹس فروخت

لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے 4 انکلوژرز کے 1500 والے تمام ٹکٹس پہلے ہی روز فروخت ہو گئے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ قذافی اسٹیڈیم میں 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی منظوری بھی دیدی ہے۔

کرکٹ شائقین کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی کا بے چینی سے انتظار ہے اور میچ دیکھنے کے لئے ٹکٹ حاصل کرنے کی سر توڑ کوششیں بھی کر رہے ہیں۔

میچ کے لیے ٹکٹوں کے حصول کے پہلے مرحلے میں 7 انکلوژرز کے ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے دستیاب تھے۔ 7میں سے 4 عبدالقادر،  اے ایچ کاردار، جاوید میانداد اور راجاز انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی تھی جو تمام کے تمام بک ہو چکے ہیں۔

عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے لئے ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار روپے جب کہ وسیم اکرم انکلوژر کے لئے ٹکٹ کی قیمت 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

وسیم اکرم انکلوژر کے 5 ہزار روپے والے وی وی آئی پی ٹکٹس کی بھی مانگ بڑھ گئی ہے۔

خیال رہے کہ 2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ معطل ہو گئی تھی۔ اس حملے کے بعد سری لنکا پہلی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم ہے جو پاکستان کا دورہ کرے گی۔

مزید خبریں :