کھیل
Time 18 اکتوبر ، 2017

’فواد کو نہ کھلانے کا سوال انضمام سے کریں‘

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ فواد عالم کو منتخب نہ کیے سے متعلق سوالات ان کیبجائے چیف سیلیکٹر انضمام الحق سے کیے جانے چاہیئے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘فواد عالم کو کھلانے کا نہیں کہہ سکتا، سفارش کرسکتا ہوں لیکن زبردستی نہیں کرسکتا۔ اگر آپ (میڈیا) کو ایسا لگتا ہے کہ فواد کو سیلیکٹ کرنا چاہے تو آپ انضمام پر پریشر ڈالیں۔‘

یونس خان اور مصباح الحق جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ کے بعد گزشتہ کئی سیزنز سے ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے فواد عالم کو ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے موزوں ترین امیدوار قرار دیا جارہا تھا۔

تاہم سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فواد کیبجائے گزشتہ تین سال سے فرسٹ کلاس کرکٹ نہ کھیلنے والے حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ ایک روزہ ٹیم میں بھی فواد جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

فواد دنیا بھر کے ان تین بلے بازوں میں شامل ہیں جنہوں نے220 فرسٹ کلاس میچوں میں 56 یا اس سے زائد کی اوسط سے رنز اسکور کیے ہیں۔ اس فہرست میں ان سے آگے صرف ہندوستان کے پجارا اور آسٹریلیا کے اسمتھ ہی ہیں۔

گزشتہ تین سیزنز کے دوران فواد نے 59.14 کی اوسط سے 2070 رنز بنا رکھے ہیں۔

مزید خبریں :