دنیا
Time 18 اکتوبر ، 2017

وکی لیکس کے بانی کا ڈیفنی کے قاتلوں کی نشاندہی پر انعام کا اعلان

وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے مالٹا میں کرپشن بے نقاب کرنے والی صحافی ڈیفنی کے قاتلوں کی نشاندہی پر 20 ہزار یورو انعام کا اعلان کر دیا۔

صحافی ڈیفنی گزشتہ روز کار میں دھماکے میں ہلاک ہوگئی تھیں اور ان کی ہلاکت پر تحقیقات کے لیے مالٹا کے وزیراعظم نے ایف بی آئی اے سے معاونت کی درخواست کی جس پرامریکی تحقیقاتی ادارے نے فوری جواب دیتے ہوئے مالٹا کی پولیس سے تعاون شروع کردیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ کرپشن سے لڑنے والی خاتون صحافی کا قتل بزدلانہ فعل ہے۔

ادھر وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے ڈیفنی کے قاتلوں کی نشاندہی پر 20ہزار یورو انعام کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب ڈیفنی کے بیٹے میتھیوز نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی والدہ کو قتل کرنے میں وہی لوگ ملوث ہیں جن کی کرپشن ڈیفنی نے بے نقاب کی۔

خیال رہے کہ ڈیفنی گیلیزیا کے بلاگز ملک کی اسٹیبلشمنٹ اور انڈر ورلڈ کے ممبران کے لیے پریشان کن تھے اور حال ہی میں انہوں نے وزیر اعظم اور ان کے دو قریبی ساتھیوں کی مبینہ کرپشن کی نشاندہی کی تھی۔

پاکستان میں جنگ اور جیو گروپ نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے میگا کرپشن اسکینڈل کو بے نقاب کیا تھا۔

مزید خبریں :