عامر خان کی 'سیکریٹ سپر اسٹار' کل ریلیز ہو گی

بالی وڈ فلم 'سیکرٹ سپر اسٹار' فلم کل یعنی 19 اکتوبر کو سنیماؤں میں ریلیز ہو گی۔

عامر خان کی ’سیکریٹ  سپر اسٹار‘ کو سال کی بڑی فلم قرار دیا جا رہا ہے جس کا پاکستان سمیت دنیا بھر میں مداحوں کو شدت سے انتظار ہے۔

فلم کے مرکزی کردار میں اداکارہ زائرہ وسیم، مہر وج اور اداکار راج ارجن سمیت مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان شامل ہیں۔

فلم کے گانوں، ٹیزرز اور ٹریلر سے اس کی کہانی کا احوال بڑا ہی دلچسپ نظر آتا ہے۔

فلم میں عامر خان ایک راک اسٹار کے روپ میں نظر آئیں گے جبکہ سب سے اہم مرکزی کردار میں اداکارہ زائرہ وسیم 'انسیا ملک' کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔

فلم کی کہانی 14 سالہ بچی کی زندگی پر مبنی ہے جس کے کچھ خواب اور مقاصد ہیں جس کو وہ پورا کرنا چاہتی ہے، انسیا ایک مسلم گھرانے کی بچی ہے اور وہ گلوکارہ بننا چاہتی ہے تاہم اسے اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے کئی امتحانات سے گزرنا ہوگا۔

انسیا کے لیے سب سے بڑا امتحان والد کی مرضی کے برخلاف اپنے مقصد کا حصول ہوگا۔

انسیا کے والد تنگ نظر ہیں جو معاشرہ میں خواتین کی کوئی اہمیت نہیں سمجھتے۔ اپنے بیٹے کو تو توجہ دیتے ہیں لیکن بیٹی کو اہمیت نہیں دیتے۔

والد اور معاشرے کے خوف کے باوجود 14 سالہ بچی اپنے گانے کی ویڈیو برقعے پہن کر  یوٹیوب پر اپ لوڈ کردیتی ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ جاتا ہے۔

گلوکاری کا شوق دیکھتے ہوئے انسیا کی والدہ ان کا بھرپور ساتھ دیتی ہیں۔ ’نجمہ‘ کا کردار'مہر وج' نبھائیں گی جو اس سے قبل فلم 'بجرنگی بھائی جان' میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔

انسیا اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے پر عزم دکھائی دیں گی اور وہ اپنی والدہ کے ساتھ ہونے والے گھریلو تشدد کے لئے بھی آواز بلند کریں گی جس مسئلے سے آج بھی متعدد خواتین دوچار ہیں۔

کہانی کا مضمون خواتین پر معاشرتی ناانصافیوں، گھریلو تشدد اور  بیٹیوں کے ساتھ غیر مساوی رویہ سے متعلق ہے۔

فلم میں عامر خان کے 'راک اسٹار' انداز نے سب کو ابھی سے اپنا گرویدہ کرلیا ہے ہر بار کی طرح عامر اس بار بھی اپنے کردار میں خوب اترتے دکھائی دے رہے ہیں۔

فلم میں عامر 'شکتی کپور' کا کردار نبھا رہے ہیں جو اپنی دو شادیاں ختم کرچکے ہیں ساتھ ہی وہ انسیا پر غصے اور ان سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے بھی دکھائے  گئے ہیں۔

عامر خان کی فلم کا انتظار پوری دنیا میں کیا جارہا ہے جن کا کہنا ہے کہ یہ فلم ان کی نہیں ہے بلکہ ان کا ایک چھوٹا سا کردار ہے، اصل فلم زائرہ وسیم کی ہے۔

مزید خبریں :