کھیل
Time 19 اکتوبر ، 2017

پاکستان کے ایشیا ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ہوگئے

ہیرو ایشیا ہاکی کپ سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔ 

بنگلادیش کے شہر ڈھاکا کے مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا اور پہلے تین کوارٹر میں گرین شرٹس کو 0-1 کی برتری حاصل رہی۔

چوتھے کوارٹر میں کوریا نے پاکستان کے خلاف ایک گول کر کے نہ صرف پاکستان کی سبقت ختم کی بلکہ میچ بھی ایک ایک گول سے برابر کردیا۔

جنوبی کوریا کی جانب سے مین ینگ لی نے گول کیا، جنوبی کوریا کے خلاف میچ برابر ہونے پر پاکستان کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی معدوم ہوگئے۔

پاکستان سپر فور مرحلے کا اپنا تیسرا میچ 21 اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

پوائنٹ اسکورنگ ٹیبل پر ملائشیا ایک میچ کھیل کر 3 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ جنوبی کوریا نے 2 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں کامیابی اور دوسرے میں ناکامی ہوئی اور وہ دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔

بھارت اب تک سپر فور مرحلے کا جنوبی کوریا کے خلاف ایک میچ کھیل چکا ہے اور نتیجہ برابری کی نکلنے پر اسے ایک پوائنٹ ملا، جس کے ساتھ وہ تیسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان نے 2 میچز کھیلے جس میں اسے ایک میں ناکامی اور دوسرا میچ برابر ہوا اور اس طرح گرین شرٹس اسکورنگ ٹیبل میں ایک پوائنٹ کے ساتھ سب سے پیچھے ہے۔ 

گزشتہ روز سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں ملائشیا نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی تھی۔

جب کہ بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

مزید خبریں :