اگر محمد عامر فٹ ہوتے تو مجھے باہر بیٹھنا پڑ سکتا تھا،رومان رئیس


ابوظہبی: قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر رومان رئیس کا کہنا ہےکہ اگر یو اے ای سیریز میں محمد عامر فٹ ہوتے تو انہیں باہر بیٹھنا پڑ سکتا تھا۔

اسے پاکستان کرکٹ ٹیم کی درحقیقت خوش قسمتی کہا جا سکتا ہے کہ بلخصوص فاسٹ بولنگ کے شعبے میں تیزی سے نوجوان ابھر کر سامنے آرہے ہیں ،اور ایسے ہی نوجوان فاسٹ بولرز میں 26سال کے رومان رئیس کا بھی شمار کیا جا سکتا ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے تیز بولر نے اس سال آئی سی سی چیمئینز ٹرافی میں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں پہلا بین الاقوامی ون ڈے کھیلا تھا اور محمد عامر کے زخمی ہونے پر انہیں جنید خان کے ساتھ نئی گیند کرنے کا موقع ملا تو الیکس ہیلز ون ڈے کرکٹ میں ان کی پہلی وکٹ بنے۔

یاد رہے رومان رئیس چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے، انہیں وہاب ریاض کے متبادل کے طور پر انگلینڈ طلب کیا گیا تھا جبکہ رومان ان دنوں یواے ای میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم کا حصہ ہیں۔

فاسٹ بولر رومان رئیس برملا اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں کہ اس سیریز میں اگر محمد عامر فٹ ہوتے تو انپیں باہر بیٹھنا پڑتا۔

پاکستان سوپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے رومان رئیس کا کہنا ہےکہ لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

 کرکٹ میں اپنے ابتدائی دنوں کے سوال پر رومان کا کہنا تھا کہ کراچی کے ہر لڑکے کی طرح انہوں نے بھی ٹیپ بال کرکٹ سے شروعات کی تھی البتہ اب پاکستان کے لیے کھیلنا ان کے لیے ایک بہترین احساس ہے جس کی اہمیت کا انہیں شدت سے اندازہ ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ہمیشہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے اظہار کے لیے تیار رہتے ہیں۔

رومان رئیس خواہش رکھتے ہیں کہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کے کسی طرح کام آسکیں۔

پاکستان کے لیے ٹی 20ا ور ون ڈے کرکٹ کھیلنے والے رومان رئیس بین الاقوامی سطح پر ابھی اپنے کرکٹ کے ابتدائی دنوں میں ہیں البتہ وہ خواہش رکھتے ہیں کہ انہیں طویل دورانیے کی ٹیسٹ کرکٹ میں بھی آزمایا جائے۔

مزید خبریں :