پاکستان
Time 19 اکتوبر ، 2017

مریم نواز سے ملاقات کیلئے آنے پر گورنر سندھ کو اندر جانے سے روک دیا گیا

اسلام آباد: گورنر سندھ محمد زبیر کے مریم نواز سے ملاقات کیلئے آنے پر دروازہ نہیں کھولا گیا جس پر گورنر سندھ ناراض ہوکر واپس چلےگئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد مریم نواز اپنی صاحبزادی کے سسر چوہدری منیر کی ایف 6 میں واقع رہائش گاہ پہنچیں تو اس موقع پر ان کے ساتھ وہ وزرا اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے جو عدالت میں ان کے ساتھ گئے۔

مریم نواز وزررا اور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ گھر میں چلی گئیں اور اندر مشاورت کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اسی وقت گورنر سندھ محمد زبیر مریم نواز سے ملنے چوہدری منیر کی رہائش گاہ پہنچے لیکن انہیں اندر جانے کی اجازت نہ ملی۔

گورنر سندھ محمد زبیر پہلے گیٹ پر گئے تو وہ بند تھا جس پر وہ دوسرے گیٹ پر چلے گئے لیکن وہ گیٹ بھی انہیں بند ملا اور اسٹاف نے دروازہ کھولنے سے ہی انکار کردیا جس پر گورنر سندھ محمد زبیر ناراض ہوکر وہاں سے چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کی روانگی کے بعد انہیں فون کیا گیا تو وہ دوبارہ واپس آگئے جس پر انہیں اندر جانے کی اجازت دیدی گئی۔

گورنر سندھ اور مریم نواز کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں احتساب عدالت کی کارروائی پر بات چیت کی گئی۔

مزید خبریں :