Can't connect right now! retry
Advertisement

پاکستان
19 اکتوبر ، 2017

قندیل بلوچ قتل کیس: مفتی عبدالقوی 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ملتان: ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

ملتان کی مقامی عدالت نے گزشتہ روز مفتی عبدالقوی کی ضمانت کی درخواست خارج کی تھی جس پر مفتی عبدالقوی عدالت سے فرار ہوگئے تھے تاہم ان کی گرفتاری کے عدالتی حکم کےبعد پولیس نے انہیں جھنگ جاتے ہوئے ہائی وے سے گرفتار کیا۔

ملتان پولیس نے آج مفتی عبدالقوی کو جوڈیشل مجسٹریٹ پرویز خان کی عدالت میں پیش کیا جہاں پولیس کی جانب سے ملزم کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کی تحویل میں دے دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں قندیل بلوچ کو مبینہ طور پر ان کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا جب کہ مقدمے میں مقتولہ کا کزن حق نواز بھی شامل تھا اور یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔

مفتی عبدالقوی، قندیل بلوچ کے ہمراہ اس وقت منظرعام پر آئے جب گزشتہ سال رمضان المبارک کے دوران ماڈل نے چند سیلفیز اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ 

Advertisement