کوچ مکی آرتھر کے ساتھ ملکر اچھی ٹیم بنانا چاہتا ہوں، سرفراز احمد


ابوظہبی: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو بلا وجہ ڈٓانٹنے کے تاثر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لڑکوں کو ڈانٹ کھانا پڑے گی اور مجھے ان کا مذاق برداشت کرنا پڑے گا۔

سرفراز احمد کو میچ کے دوران کھلاڑیوں پر غصہ کرنے کی وجہ سے مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کے قائد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ تاثر بے بنیاد ہے کہ میں بلاوجہ کھلاڑیوں کو ڈانٹتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں لیکن جب وہ توقعات پر پورا نہیں اتر رہے ہوتے تو انہیں ڈانٹنا پڑتا ہے۔

سرفراز نے تسلیم کیا کہ کئی بار وہ کچھ زیادہ ہی غصہ کر جاتے ہیں لیکن ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ اچھی بات یہ ہے کہ تمام لڑکے صورت حال کو سمجھتے ہیں اور گراونڈ سے باہر نکل کر سب کچھ بھول جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اکثر کھلاڑی کپتان کے غصے کا مذاق بھی اڑاتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ وہ خود پر تنقید کرنے والوں کو نہ کوئی جواب دینا چاہتے ہیں اور نا ہی کسی بحث میں پڑنا چاہتے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مل کر ایک اچھی ٹیم بنانا چاہتے ہیں اور خوشی ہے کہ سلیکٹرز اچھے کھلاڑی منتخب کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :