دنیا
Time 19 اکتوبر ، 2017

بھارت کا پاکستانیوں کو میڈیکل ویزے جاری کرنے کا اعلان

فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے دیوالی کے موقع پر علاج کے منتظر سیکڑوں پاکستانیوں کے لئے میڈیکل ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سشما سوراج نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’دیوالی کے اس پرمسرت موقع پر بھارت علاج کے منتظر تمام پاکستانیوں کے لئے آج ہی ویزے جاری کرے گا۔‘

ایک محتاط اندازے کے مطابق اس وقت تقریباً 300 کے قریب پاکستانیوں نے بھارت میں علاج کی غرض سے ویزے کے لئے درخواستیں دے رکھی ہیں۔

بھارتی وزیرخارجہ اسے قبل بھی کئی مواقعوں پر پاکستانی شہریوں کو میڈیکل ویزے جاری کرنے کا حکم دے چکی ہیں۔

کچھ ماہ قبل دل میں سوراخ کے ساتھ پیدا ہونے والے پاکستانی بچے روحان کی والدہ مہوش نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے اپنے بچے کے علاج کے لئے میڈیکل ویزے کی درخواست کی تھی۔

پاکستانی خاتون کی درخواست پر سمشا سوراج نے اگست میں بھارتی حکام کو روحان اور اس کے اہلخانہ کے لئے میڈیکل ویزہ جاری کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔

رواں برس مئی میں اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ بھارتی حکومت نے علاج کے منتظر پاکستانیوں کے لئے فروری 2017 سے میڈیکل ویزے کی فراہمی بند کر رکھی ہے۔

مزید خبریں :