دنیا
Time 20 اکتوبر ، 2017

پاک افغان سرحد کے قریب ڈرون حملہ، 12 افراد ہلاک

پاکستان کی سرحد سے ملحقہ افغان علاقے خوش کرم میں امریکی ڈرون حملے میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

افغانستان میں امریکی ڈرون حملوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ 5 دنوں میں ہونے والے ڈرون حملوں میں طالبان رہنماؤں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کےمطابق افغانستان میں تازہ ڈرون حملہ پاک افغان سرحد کے قریب افغان علاقے خوش کرم میں کیا گیا جس میں 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈرون طیاروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر 6 میزائل داغے جس میں شدت پسندوں کے ٹھکانے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق علاقے میں حملے کے بعد امریکی ڈرون طیاروں کی نچلی پروازیں کچھ دیر تک جاری رہیں۔

واضح رہےکہ گزشتہ پانچ روز میں پاک افغان سرحد پر افغان علاقے میں 5 ڈرون حملے ہو چکے ہیں جس میں اب تک 47 افراد مارے جا چکے ہیں۔

جماعت الاحرار کے سربراہ اور سابق ٹی ٹی پی کمانڈر عمر خالد خراسانی کے بھی چند روز قبل افغان صوبے پکتیا میں ہونے والے ڈرون حملے میں ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

مزید خبریں :